مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے آج صوبۂ قزوین کے ایک روزہ دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملک کی سرحدوں کی تازہ سکیورٹی صورتحال اور تخریب کار گروہوں کی سرگرمیوں کے بارے میں کہا کہ ملک کی سلامتی یقینی بنانے کی ذمہ دار تمام فورسز کی کوششوں کے نتیجے میں سرحدوں اور ملک کے اندر حالات اطمینان بخش ہیں اور سکیورٹی برقرار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس، سکیورٹی، انٹیلی جنس اور فوجی ادارے عوام کی حمایت اور تعاون کے ساتھ ملک کی سلامتی کے تحفظ کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں اور مجموعی طور پر ملک کی سکیورٹی صورتحال مناسب اور قابلِ قبول ہے۔
ایرانی وزیرِ داخلہ نے ملک کے مغربی علاقوں میں بعض تخریب کار گروہوں کی سرگرمیوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فطری طور پر اس نوعیت کی بزدلانہ کاروائیاں اور بعض واقعات پیش آ سکتے ہیں، تاہم ایسے اقدامات کے خلاف ضروری کاروائی کی جائے گی۔
ایرانی وزیرِ داخلہ نے متعلقہ اداروں کی مکمل تیاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرحدوں یا ملک کے اندر امن و سلامتی کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں کو مستقل خطرے میں تبدیل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور متعلقہ ادارے اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ